نئی دہلی،23؍جون ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )ایک آر ٹی آئی کے خلاصہ کے بعد بی جے پی صدر امت شاہ کے دائرہ مزید تنگ ہورہا ہے۔ آر ٹی آئی خلاصہ کے بعد نوٹ بندی کے دوران گجرات کے 370 کوآپریٹو بینکوں میں سے ایک بینک میں 745 کروڑ روپے جمع کرایا گیا۔ احمد آباد ضلع کوآپریٹو بینک میں سب سے زیادہ 745 کروڑ جمع کرائے گئے۔ اس بینک کے ڈائریکٹر امت شاہ اور ان کے دو ساتھی تھے۔نوٹ بندی کے دوران کے اس معاملے پر کانگریس صدر راہل گاندھی نے بھی بی جے پی صدر امت شاہ پر حملہ کرتے ہوئے ٹویٹ کیا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ احمد آباد ضلع کوآپریٹو بینک کے ڈائریکٹر، امت شاہ جی مبارک ہو! آپ کے بینک نے (نوٹ بند ی بعد) پرانے نوٹوں کو تبدیل کرنے کی طرف نیاکرنے میں بازی مار لی ہے۔ پانچ دنوں میں 750 کروڑ۔ انہوں نے مزید لکھا ہے کہ ان لاکھوں ہندوستانیوں کا آپ کو سلام جن زندگی نوٹ بندی کی وجہ سے برباد ہو گئی۔ کانگریس کے مطابق آر ٹی آئی میں انکشاف ہوا ہے کہ 10 سے 14 نومبر کے درمیان احمدآباد ضلع کوآپریٹو بینک میں 745 کروڑ روپے کے پرانے نوٹ جمع کرائے گئے۔ وہیں پارٹی نے مزید کہا کہ نوٹ بندی کے دوران گجرات کے 11 ضلع کوآپریٹو بینکوں سے 3,118 کروڑ روپے جمع کرائے گئے، تمام بینکوں کا بی جے پی کے بڑے لیڈروں سے کنکشن ہے۔ کانگریس نے بی جے پی سے سوال پوچھا ہے کہ آخر کوآپریٹو بینک میں جمع پیسہ کس کا کالا دھن ہے۔ کانگریس نے امت شاہ سے جواب مانگا ہے اور تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ سرجے والا نے کہا کہ بی جے پی اور ان کے صدر شاہ گھبرائے ہوئے ہیں اور پول کھلنے کے خوف سے میڈیا پر دباؤ ڈال کر ایجنڈا تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ احمد آباد ضلع کوآپریٹو بینک نے نوٹ بندی کو نوٹ بدلی کا دھندہ بنا دیا تھا۔ نوٹ بندی اس ملک کا سب سے بڑا گھوٹالہ ہے اور اس کے مضمرات آگے آنے والے دنوں میں مزید واضح ہوں گے ۔ سرجے والا نے کہا کہ یہ بات راہل گاندھی سمیت تمام لوگوں نے کہی تھی، لیکن اس وقت ثبوت نہیں تھے،اب ثبوت آ گیا ہے۔ اس پورے معاملے کی جانچ ہونی چاہئے۔ واضح ہو کہ 7 مئی 2018 کو RTI کے جواب میں یہ بات سامنے آئی ہے۔ کانگریس نے پوچھا ہے کہ یہ کس کا کالا دھن تھا، اس کا جواب مودی اور امت شاہ کو دیناہو گا۔ کانگریس نے یہ بھی کہا اس سے پہلے نوٹ بندی سے ٹھیک پہلے بی جے پی نے کروڑوں کی زمین خریدی تھی۔ سرجے والا نے کہا کہ کیا مودی، بھاگوت اور امیت شاہ اس کو عوامی سطح پر واضح کریں گے کہ اب تک کتنی پراپرٹی خریدی گئی۔ چیک سے خریدی گئی یا کیش سے ؟اس معاملہ پر کوآپریٹو بینکوں کی نگرانی کرنے والی تنظیم نابارڈ کا کہنا ہے کہ احمد آباد ضلع کوآپریٹیو بینک نے آر بی آئی گائیڈلائنس کے مطابق کے وائی سی کی پیروی کی۔ نوٹ بندی کے دوران بینک نے نوٹ تبدیل کرنے کے عمل کو مکمل طور عمل کیا۔تنظیم نے مزید کہا ہے کہ نوٹ بندی کے دوران گجرات میں مہاراشٹر اور کیرل کے مقابلے میں کم پیسے جمع ہوئے۔